ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: ماہی گیروں پر بحریہ فوج کے عملے کی جانب سے حملہ کا الزام : ماہی گیر اسپتال میں زیر علاج

کاروار: ماہی گیروں پر بحریہ فوج کے عملے کی جانب سے حملہ کا الزام : ماہی گیر اسپتال میں زیر علاج

Tue, 01 Mar 2022 18:17:32    S.O. News Service

کاروار :یکم مارچ  (ایس اؤ نیوز) تعلقہ کے مُدگا بندر گاہ سے بحرعرب میں مچھلیوں کا  شکار کرنے  کےلئے گئے ہوئے  تین ماہی گیروں پر بحریہ فوج کے عملہ کی طرف سے حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس میں  تینوں ماہی گیروں کوشدید  زخمی حالت میں  کاروار اسپتال لے جایا گیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  بحریہ عملے کی طرف سےماہی گیروں پر حملہ کئے جانےکا واقعہ کوڈار کے قریب بحر عرب میں بیچ  سمندر میں پیش آیا۔ حملہ کا شکار  ماہی گیروں کی شناخت بدھونت لنگا درگیکر، جئیونت ہریکانت اور تھاکو کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے  کہ یہ تینوں ماہی گیر حسب معمول مچھلیوں کا شکار  کررہے تھے   کہ اچانک پائلٹ بوٹ کے ذریعے پہنچا بحریہ فوج کا عملہ گالی گلوچ کرتےہوئے ان کی بوٹ پر چڑھ گیا اور نیوی  کے  بورڈر پر داخل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملہ  کردیا۔ بدھونت اور جئیونت کو شدید زخمی ہونے پر ضلعی اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔ اخبارنویسوں  سے گفتگو کرتے ہوئے  زخمی بدھونت نے بتایا کہ  ہم اپنی بوٹ پر تھے اور ہمارے پاس اپنے بوٹ کے متعلق دستاویزات، آئی ڈی کارڈ سب کچھ تھا اور ہم نیوی کے احاطے میں نہیں تھے، اس کے باوجود  نیوی والوں نے کوئی تفتیش کئے بغیر ہم پر اچانک حملہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بحریہ فوج کے عملہ نے   ماہی گیروں کو پکڑ کر اُٹھک بیٹھک کرانے کے بعد چھوڑ دیا تھا، اب دوبارہ ماہی گیروں پر غیر ضروری طور پر ظلم کئے جانے کا  واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں  ایک طرف کاروار مضافاتی پولس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے وہیں دوسری طرف  ضلع کے انچارج وزیر   کوٹا سرینواس پجاری اور وزیر شیورام ہیبّا ر کو بھی  واقعے کے تعلق سے شکایت  دی گئی ہے۔


Share: